ملتان(صفدرعلی بخاری سے) میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں اور تنخواہوں میں کٹوتیوں کے خلاف ملتان یونین آف جرنلسٹس (ایم یو جے) کے زیر اہتمام پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت صدر ایم یو جے ملک شہادت حسین نے کی۔ مظاہرے میں سابق صدر ایم یو جے رئوف مان، جنرل سیکرٹری ایم یو جے شفقت بھٹہ، فنانس سیکرٹری شہزاد درانی، نائب صدر حمید الحسن، طارق انصاری، خواجہ اشرف صدیقی، اختر اعوان، صفدر بخاری، قرار حیدر، زاہد قریشی، ایوب قریشی، شاہد عمران، احمد کاشف، ناصر صدیق، فیاض بھٹی اور امجد بھٹی سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر ملک شہادت حسین کا کہنا تھا کہ میڈیا مالکان آئے روز کارکنوں کا معاشی قتل عام کر رہے ہیں۔ کارکنوں کو بغیر کسی شکایت کے اداروں سے نکالا جا رہا ہے۔ اگر اسی طرح اخباری کارکنوں کا استحصال جاری رہا تو نوبت خودکشیوں تک پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالکان فوری طور پر نکالے گئے کارکنوں کو بحال کریں، بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔  انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی مالکان کے خلاف ازخود نوٹس لینے کی استدعا کی۔