لاہور: پاکستان سپر لیگ 4 کے لاہور میں شیڈول میچز کراچی منتقل کر دیے گئے ہیں۔پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز کراچی منتقل کر دیے گئے ہیں، سرحدوں پر کشیدگی کے پیش نظر لاہور میں میچز کی میزبانی کے فیصلے پر نظرثانی کی جا رہی تھی۔ سیکورٹی حالات کے پیشِ نظر اور ایئرپورٹ بند ہونے کی وجہ سے پروڈکشن سامان لاہور نہ پہنچ سکا جس کی وجہ سے اب لاہور میں ہونے والے تمام پی ایس ایل کے میچز کراچی میں ہوں گے۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل 4 کے لاہور میں شیڈول میچوں کی کراچی منتقلی کا فیصلہ لاہور میں کمرشل فلائٹس کے تاخیر سے آغاز کی وجہ سے کیا گیا ہے، کم وقت میں لاجسٹکس کے چیلنج ہوسکتے تھے لہذا یہ میچز کراچی منتقل کئے گئے ہیں۔ نئے پروگرام کے تحت پی سی ایل کا پاکستان کا مرحلہ 9 مارچ سے شروع ہوگا۔ پہلا مقابلہ لاہور اور اسلام آباد کے درمیان شام 7 بجے شروع ہوگا۔اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ پی ایس ایل 4 کے پاکستان میں شیڈول میچز یہیں ہوں تاکہ پاکستانی عوام میدان میں آکر مقابلے دیکھ سکیں۔ اس کے لیے یہ ایک مشکل فیصلہ تھا جو ہم نے تمام فرنچائزز اور دیگر سے مشاورت کے بعد کیا۔دوسری جانب کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ 2 سال پہلے ایک میچ مانگا تھا اب تو سارے میچز کراچی آرہے ہیں، پی ایس ایل کے تمام میچز کراچی میں ہوں گے، یہ ایک چیلنج ہے جسے قبول کرتے ہیں، اس میں سب کراچی والوں کی مدد چاہیے۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے کے 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جس میں سے 3 میچز لاہور جب کہ 5 کراچی میں کھلیے جانے تھے تاہم اب تمام میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔