اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان دو روزہ دورے پر آج لاہور پہنچیں گے، جہاں وہ پنجاب کابینہ اجلاس کی صدارت کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم صوبائی وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لینگے، اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وزیر اعظم سے ملاقات کرینگے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے دورہ لاہور کے موقع پر انہیں نیشنل ایکشن پلان عملدرآمد کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی،اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم کو محکمہ اینٹی کرپشن کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان اپنے دورے کے دوران پنجاب انرولمنٹ پالیسی کا افتتاح بھی کریں گے اوروزیراعظم پنجاب کے اسکولوں میں داخلوں کے ہدف کا اعلان کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کسی بھی وقت کسی بھی اسپتال کا ہنگامی دورہ کرسکتے ہیں جس میں صفائی سمیت علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعظم کی آمد سے قبل زمان پارک میں وزیراعظم کی نجی رہائش گاہ کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئےگئے ہیں۔