لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ چوری کے مینڈیٹ سے اقتدار میں آنے والے حکمران عوام کے دلوں سے نواز شریف کی محبت نہیں نکال سکتے ، جعلی حکمران نواز شریف کی بیماری کا نہ صرف مذاق اڑا رہے ہیں بلکہ ان کی تضحیک بھی کررہے ہیں، نواز شریف کو پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیربنانے ،ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں داخل کرنے ،دہشتگردی ختم کرنے اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں اپنے انتخابی حلقے کی خواتین کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے خواتین کارکنان کے تحفظات دور کرتے ہوئے ضروری سفارشات اعلی قیادت تک پہنچانے کی بھی یقین دہانی کرائی اور  کہا کہ پارٹی کے کارکن ہمارا اثاثہ ہیں ، ہر مشکل میں ثابت قدمی سے جدوجہد کرنے پر اپنی ماؤں بہنوں اوربیٹیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جماعت کے ساتھ ساتھ معاشرے میں خواتین کے حقوق کے تحفظ اور باوقار کردارکے فروغ کے لئے ہرممکن اقدام اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف بھی پاکستان خاص طور پر لاہور کی عوام سے بڑی محبت کرتے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس رشتے میں دوریاں پیدا نہیں کر سکتے،نواز شریف کی غلطی یہ تھی کہ انہوں نے ملک کو اندھیروں سے نکالا اور12ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے والے جعلی حکمرانوں کی غیرت وحمیت ہی ختم ہو چکی ہے، ان کی اخلاقی تربیت کی گئی ہے اور نہ ہی انہیں کسی بیمار شخص کا احساس ہے ،پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والے اور اس پر لعنت بھیجنے والے حکمرانوں نے پہلے بیگم کلثوم نواز کی بیماری کا بھی مذاق اڑایا تھا،اب عوام کے قائد نواز شریف کی بیماری پر ان کی تضحیک کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف قوم کے لیڈر ہیں اور وہ جعلی حکمرانوں کے سامنے نہیں جھکیں گے،ان سے حکومت چل نہیں رہی اور ملک کو دوبارہ تنزلی اور اندھیرں کی طرف دھکیلا جا رہا ہے،گزشتہ سات ماہ سے ملک میں ہر طرف غیر یقینی کی صورت حال ہے اورمعیشت وینٹی لیٹر پر ہے