کراچی : منی لانڈرنگ کیس میںسابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے بینکنگ کورٹ میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکردی۔ تفصیلات کے مطابق بینکنگ کورٹ کراچی میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ،سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی،سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ آصف زرداری قومی اسمبلی اجلاس میں مصروف ہیں،عدالت سے استدعا ہے کہ سابق صدر کو آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ دریں اثنا فاروق ایچ نائیک نے نیب کی مقدمہ منتقلی کی درخواست اعتراض دائر کردیا۔اعتراضات آصف زرداری،فریال تالپورنے جمع کرائے ۔فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں مقدمہ منتقل کرنے کی ہدایت نہیں کی،اس لئے مقدمہ اسلام اباد منتقل کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ عدالت نے آصف زرداری کے اعتراضات کی نقول نیب پراسیکیوٹرکوفراہم کر دیں،نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب نے مقدمہ نیب کورٹ اسلام آبادمنتقل کرنے کی منظوری دی ۔مقدمہ سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں منتقل کیاجارہاہے،پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ اعتراضات بلاجوازہیں،کیس کانیب ریفرنسز سے کلیدی تعلق ہے۔ بعدازاں سابق صدر کی ہمشیرہ فریال تالپورعدالت پہنچ گئیں،ان کا کہناتھا کہ راستہ بلاک تھااس لئے تاخیرہوگئی ہے۔